عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس آر آر سوین نے پیر کی شام پولیس انسپکٹر مسرور وانی کی خیریت اور ان کی صحت کے بارے میں جاننے کے لیے سکمز کا دورہ کیا جس پر ایک دہشت گرد نے پستول سے حملہ کیا جب وہ مقامی کمیونٹی کے دیگر ارکان کیساتھ کرکٹ کھیل رہے تھے۔ڈی جی پی کے ساتھ اے ڈی جی پی کشمیر شری وجے کمار، ایس ایس پی سری نگر شری آشیش مشرا اور دیگر افسران بھی تھے۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ فاروق جان نے پولیس افسر کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے پر بتایا کہ افسر کی طبی حالت بدستور تشویشناک ہے جو تاحال لائف سپورٹ سسٹم پر ہیں۔
ڈی جی پی نے ہدایت دی کہ بیمار پولیس افسر کا بہترین علاج کیا جائے۔سوین نے پولیس افسر کے والد سے بھی الگ اور طویل بات چیت کی اور والد کو یقین دلایا کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے زخمی انسپکٹر کے والد کو بتایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ایڈیشنل چیف سکریٹری(ہوم) آر کے گوئل اور دیگر اعلی رینکنگ افسران روزانہ کی بنیاد پر زخمی اہلکارکے بارے میں پوچھ رہے ہیں۔ڈی جی پی نے طبی امداد سے متعلق فوری اخراجات کو پورا کرنے کے لیے1 لاکھ روپے مالی امداد کے طور پر خاندان کے حوالے کیے۔ڈی جی پی نے خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت اور محکمہ پولیس تمام مدد فراہم کرے گا جس میں ضرورت پڑنے پر UT سے باہر افسر کی ایئرلفٹ بھی شامل ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ہزاروں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی دعائیں اہل خانہ کے ساتھ ہیں اس لیے خاندان کو بہادر رہنا چاہیے۔