جامع زرعی ترقیاتی پروگرام زرعی اِنقلاب کی مثال بن چکا:ایل جی
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر کی چھٹی کانووکیشن تقریب سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’وِکست بھارت، وِکست جموں و کشمیر اور خوشحال کسان کمیونٹی ہمارا عزم ہے۔ مرکزی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںجموں و کشمیر کو باغبانی کا مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لئے پُر عزم ہے۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ہماری بیٹیوں کو رُکاوٹوں کو توڑتے ہوئے اور زرعی سائنس و ٹیکنالوجی میں کامیابیاں حاصل کرتے دیکھ کر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ 150 طلائی تمغے حاصل کرنے والے طلبأ میں سے 115 خواتین تھیں۔ 445 میرٹ سرٹیفکیٹ میں سے 334 طالبات کو دئیے گئے۔ آج کی کانووکیشن میں دی گئی کل 5,250 اَنڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈِی کی ڈگریوں میں سے 2,661 ڈِگریاں خواتین طالبات کو دی گئیں۔ یہ جموں و کشمیر اور ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔‘‘ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں گزشتہ چند برسوںمیں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں ہونے والے تبدیلی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔منوج سِنہا نے کہا،’’وزیر اعظم نریندر مودی کی دوراندیش اور بصیرت مند قیادت میں زراعت اور اس سے منسلک شعبے واقعی ہندوستان کی معیشت کا ستون بن چکے ہیں۔ یہ تبدیلی جموں و کشمیر کے زرعی منظرنامے میں بھی واضح ہے۔ آج’ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام پورے ملک میں زرعی اِنقلاب کی مثال بن چکا ہے۔‘‘اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوںمیں جموں و کشمیر نے زراعت اوراس سے منسلک شعبوں کے لئے چار بڑے اہداف زرعی شعبے کو دیرپا اور کمرشل معیشت میں تبدیل کرنا، ویلیو چین کے ساتھ ایگری بزنس ماحولیاتی نظام بنانا، کسان اور کمیونٹی مرکزیت پر مبنی زرعی ترقی اور کسانوں کی آمدنی بڑھانا اور روزگار کو محفوظ بنانا طے کئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے فارغ التحصیل طلبأ سے کہا کہ وہ اِختراعی اور ترقی پسند زراعت میں اَپنا گرانقدر حصہ اورقیمتی کردار ادا کریں اور ایگری ٹیکنالوجی، فوڈ ٹیکنالوجی اور جدید اِختراعات میں پیش پیش رہیں۔