جموں//شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی آف جموں کا چھٹا کنووکیشن کل یہاں یونیورسٹی کے بابا جتو آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس پر وزیر اعظم نریندر مودی مہمانِ خصوصی تھے ۔ گورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ، نے تقریب کی صدارت کی اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے تقریب سے خطاب کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کنووکیشن کے دوران چھ گولڈ میڈل ، چانسلر نے زرعی شعبے، بیسک سائینسز اور ویٹر نری سائینسز میں 55 پی ایچ ڈی ایوارڈ ، ایگریکلچر میں 85 ماسٹر ڈگری ، ویٹر نری سائینس میں77 ماسٹر ڈگری ، بیسک سائینسز میں 12 ماسٹر ڈگری ، ایگریکلچر اور بائیو ٹیکنالوجی میں 124 بیچلر ڈگریز ، انیمل ہسبنڈری اور ویٹرنری سائینسز میں 91 بیچلر ڈگریز تقسیم کیں ۔ پرو چانسلر محبوبہ مفتی نے 100 سرٹیفکیٹس آف میرٹ تقسیم کیں ۔گورنر نے کنووکیشن میں باصلاحیت طلاب جنہوں نے ڈگریاں اور میڈل حاصل کئے کیلئے روشن مستقبل کی دعا کی ۔ گورنر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر یونیورسٹی کے چھٹے کنووکیشن سے خطاب کیا ۔ گورنر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں ملک بھر میں قایم 73 سٹیٹ ایگریکلچرل اینڈ ویٹر نری یونیورسٹی میں آئی سی اے آر ایکریڈٹیشن بورڈ کی طرف سے 15 ویں پوزیشن حاصل کی ۔ اس سے قبل وائس چانسلر سکاسٹ جے ڈاکٹر پی کے شرما نے وایس چانسلرز رپورٹ پیش کی ۔ کنووکیشن کی کاروائی رجسٹرار ڈاکٹر دلیپ کاچرو نے انجام دی ۔ اس موقعہ پر پی ایم او میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا ، زراعت کے وزیر محمد خلیل بند ھ، ارکانِ قانون سازیہ ، کئی سٹیٹ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان ، فیکلٹی ممبران ، طلاب ، والدین اور کئی اہم شخصیات موجود تھیں ۔