عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //پلانٹ بائیوٹیکنالوجی سکاسٹ، شالیمار کے ڈویژن کی طرف سے پلانٹ فینومکس پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں جیجو نیشنل یونیورسٹی، جمہوریہ کوریا کے ایک بین الاقوامی فیکلٹی، پروفیسر ینگ سک چنگ نے پلانٹ فینومکس اور عصری زراعت میں اس کے استعمال پر کلیدی نوٹ لیکچر دیا۔ کانفرنس میں 100 سے زائد شرکا نے شرکت کی جن میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، سائنسدانوں، ریسرچ اسکالرز اور طلبا شامل تھے۔لیکچر کے بعد تفصیلی بحث اور موضوع کے حوالے سے سوال و جواب کا سیشن ہوا۔وی سی نے سائنسی برادری پر زور دیا کہ وہ ڈیٹا اینالیٹکس اور مضبوط پلانٹ فینوٹائپک پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تحقیقی پروگرام بنائیں۔ یونیورسٹیوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تحقیق، اختراعات اور تربیت کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے ایک جامع خط پر دستخط بھی کیے گئے۔ معاہدے کا خط باہمی تحقیقی پیشرفت کے لیے طلبا اور فیکلٹی کے تبادلے کے ذریعے تعلیمی تعاون کی حوصلہ افزائی کرے گا۔