زاہد بشیر
گول// گول کے دلواہ میں ہفتہ کو لوگوں نے پی ایم جی ایس وائی او ر ایک ٹھیکیدارکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاج کے دوران لوگوں نے کہا کہ کینٹھہ بدھن نامی سڑک پر محکمہ تعمیرات عامہ کوئی سات ماہ سے تعمیر ی کام کر رہی ہے تاہم ناقص کام کی وجہ سے مقامی لوگ شدید پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر کھدائی کی گئی لیکن وہاں پر دیواریں نہیں تعمیر کی گئیں جس وجہ سے لوگوں کے رہائشی مکانات کے زمین بوس ہونے کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران پانی کی نکاسی کیلئے بھی کوئی انتظامات نہیں کئے گئے جس وجہ سے شدید بارشوں کے دوران لوگوں کی زرعی اراضی کے ساتھ ساتھ رہائشی مکانات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی پنچ محمد شریف سوہل و دیگر لوگوں نے احتجاج کے دوران کہا کہ یہاں پر ایک دو ٹھیکیداروں نے فرضی اور غیر معیاری کام کر کے سرکاری خزانہ اور مقامی لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ سڑک کی شروعات سے ہی کام کو انجام دیا جاتا ہے لیکن یہاں پر ٹھیکیدار بیچ بیچ میں کام کر رہا ہے وہیں ایسے مقامات پر اراضی کی کٹائی کی جہاں پر اب بارشوں کے دوران لوگوں کے مکانات کو کافی نقصان ہو رہاہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ یہاں پر محکمہ کا کوئی بھی آفیسر یا ملازم یہاں دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے اور من مرضی سے یہ کام چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپنا حق مانگنے کے لئے آگے بڑھتا ہے تو پولیس کے ذریعے سے اُسے دھونس دبائو ڈالا جاتا ہے جس وجہ سے غریب لوگوں کے حقوق پر شب و خون مارا جا رہا ہے ۔ ایک بیوہ خاتون زیبہ بیگم نے کہا کہ ایک نالے کے قریب اس کا رہائشی مکان ہے لیکن اوپر جتنا بھی پانی آتا ہے وہ اس کے مکان پر آرہا ہے نالیوں کا کوئی بندو بست نہیں ہے جس وجہ سے اس کے مکان کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ رام بن سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سڑک کی تعمیر میں ہو رہی دھاندلیوں کی چھان بین کی جائے اور موقعہ پر آکر جائزہ لیا جائے۔ اُنہوں نے قصور واروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا۔