عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ ضلع کے دور افتادہ علاقہ بونجواہ میں چونکا دینے والے واقعے میں ایک حاملہ خاتون پتنازی کتھر سڑک کے کنارے بچے کو جنم دینے پر مجبور ہوئی کیونکہ علاقے کی سڑک گزشتہ کئی روز سے خراب حالت میں جسکے سبب اسے بروقت ہسپتال نہیں پہنچایا جا سکا۔ مقامی ذرائع کے مطابق خاتون کے اہل خانہ نے اسے قریبی صحت مرکز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن پتنازی کھتر سڑک کی حالت انتہائی خستہ تھی کہ کوئی بھی گاڑی وقت پر اس تک نہیں پہنچ سکی اور حاملہ خاتون کی زچگی سڑک کے کنارے کی گئی۔اس واقعہ پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے اور لوگ طویل عرصے سے بونجواہ کے پتنازی کتھر والی اہم سڑک کی مرمت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لوگوں نے ایم ایل اے اندروال پیارے لال پر الزام لگایاکہ وہ سڑک کے بنیادی ڈھانچے، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر ضروری خدمات جیسے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ لوگوںکے مطابق سڑکوں کی حالت خستہ ہے، صحت کی سہولیات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے اور کوئی ہماری بات نہیں سنتا۔ تحصیلدار بونجواہ تجیندر شرما نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ وہ معاملے کی جانچ کررہے ہیں اور متعلقہ محکمہ جات سے رپورٹ لی جاےگی تاہم انھیں اسکی جانکاری کسی نے نہیں دی۔اگرچہ حکام کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن یہ واقعہ کشتواڑ کے دور دراز علاقوں میں بہتر سڑک کنیکٹیویٹی و صحت کی دیکھ بھال کی بہتر رسائی کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ مقامی لوگوں نے اب ضلع انتظامیہ و جموں و کشمیر حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں اور ایک اور سانحہ کے رونما ہونے سے پہلے سڑک کی مرمت کو یقینی بنائیں ۔