تھنہ منڈی // چھڑونگ کے لوگوں نے رابطہ سڑک کی تعمیر میں تاخیر پر راجدھانی کے مقام شدید احتجاج کیا جس دوران تھنہ منڈی۔راجوری سڑک دو گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی ۔اس دوران مظاہرین نے ضلع انتظامیہ اور موجودہ مخلوط سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ چھڑنگ کی آبادی دس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جسے حکومت رابطہ سڑک فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔مظاہرین کا کہناتھا کہ سرکار اس علاقے کو جان بوجھ کرنظر اندازکر رہی ہے ،لیکن اب ایسا کبھی نہیں ہونے دیاجائے گا اور لوگ اپنا حق لیکر رہیںگے ۔احتجاج کی خاص بات یہ تھی کہ اس میںبڑی تعداد میں خواتین نے بھی حصہ لیا جبکہ بزرگوں کو بھی ویل چیئر پر اٹھاکر لایاگیاتھا۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ یہ معذور افراد انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کررہے ہیںجن پر ترس کھاکر سڑک کاکام مکمل کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ یہاںسے ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے جبکہ طلباء تو روزانہ ہی متاثر ہوتے ہیں اور وہ وقت پر سکول نہیں پہنچ پاتے ۔انہوںنے کہاکہ یہ روڈ بہت ہی اہم ہے اور یہ مغل روڈ کا بھی حصہ ہے ۔ احتجاج کی وجہ سے مغل شاہراہ پر جانے والی گاڑیوں سمیت تمام ٹریفک بند رہا لیکن پھر ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر کرن چلوترہ،تحصیلدار تھنہ منڈی شاہد اقبال اور سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی چوہدری افتخار طالب موقعہ پر پہنچے اورانہوںنے یقین دلایاکہ وہ ا س حوالے سے ضلع انتظامیہ اور حکومت سے بات کریںگے جس پرمظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوئے اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔