ڈورو//وزیر اعظم گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی)کے تحت اُجرو منزموہ میں تعمیر ہورہی سڑک کیلئے ناقص تعمیراتی مواد استعمال کر نے کا انکشاف ہوا ہے جس کی بنیاد پر ایس ڈی ایم ڈورو نے کام کی نگرانی پر مامور دو انجینئروں کو معطل کیا ہے ۔مرکزی معاونت والی اسکیم پی ایم جی ایس وائی کے تحت اُجرو منزموہ روڈ پر گذشتہ برس سے کام جاری ہے ۔پروجیکٹ پر تقریباََ550لاکھ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں تاہم سڑک پر ناقص میٹریل استعمال کر نے کا انکشاف کیا گیا ۔ایس ڈی ایم ڈورو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ گذشتہ روز علاقے کے دورے پر تھے کہ اس دوران زیر تعمیر سڑک کے طرفین میںتعمیر ہورہی ڈرین کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کرتے ہوئے پایا گیا جس پر فوری کاروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میںایک آرڈر زیر نمبرSDM/D/2018-19/018-012کے تحت دو جونیئر انجینئروں کو فوری معطل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی کیونکہ دونوں انجینئر کام کی نگرانی پر مامور کئے گئے تھے لیکن وہ غیر حاضر تھے اور ٹھیکیدار اپنی مرضی کے مطابق میٹریل استعمال کررہا تھا۔