جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے چھترال علاقے میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے دریا کے کنارے سڑک کی حفاظتی دیوار تعمیر کرنے کے کام میں غیر معیاری مواد استعمال کرنے کا الزام سامنے آیا ہے، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کے افسران اور ملازمین سرکاری فنڈز ہڑپنے کے لئے مالی سال کے آخری ہفتے میں جلد بازی میں غیر معیاری کام کروا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ناقص مواد کے استعمال سے تعمیر شدہ حفاظتی بند جلد ہی ناکارہ ہو جائے گا اور اس کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچے گا۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ کابینہ وزیر، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر موقع پر جا کر کام کا جائزہ لیا جائے اور غیر معیاری کام کروانے والے افسران و ٹھیکیداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ وہی نالا ہے جہاں دریا میں شدید طغیانی کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوتی ہے، جس سے عام شہریوں، اسکولی بچوں اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حفاظتی بند کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کے مواد کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ یہ بند طوفانی پانی کے دباؤ کو برداشت کر سکے اور مستقبل میں کسی بھی قسم کے نقصانات سے بچا جا سکے۔