عاصف بٹ
کشتواڑ//منگل کی شام ضلع کشتواڑ کے علاقہ ٹھکرائی سڑک پر تیزرفتاری و کرتب بازی کی وائرل ویڈیو پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے انکے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے جبکہ محکمہ موٹر وہیکل نے ڈرائیور کی لائسنس منسوخ کی وہی گاڑی کی رجسٹریشن کی منسوخی کا عمل بھی شرو ع کردیاگیا ہے۔ اے اراٹی او کشتواڑ تسلیم وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو، جس میں واضح طور آلٹو گاڑی کو سڑک پر کرتب کرتے دیکھاجاسکتاہے اور اسے حادثہ پیش آتاہے جسمیں دو افراد شدید زخمی ہوتے ہیں ،پر کاروائی کرتے ہوے انہوںنے فوری طور اس ڈرائیور کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا ہے جو مذکورہ گاڑی زیرنمبر JK17A 5456کو چلا رہا تھاجبکہ گاڑی کو بلیک لسٹ کر دیا گیا اور ایم وی ایکٹ کے مطابق دیگر قانونی کارروائی کے علاوہ گاڑی کی آر سی کی منسوخی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔پولیس نے بھی اسمیں مقدمہ زیرنمبر 138/2025کے تحت درج کرلیا اور کاروائی عمل میں لائی۔اے آر ٹی او نے کہا کہ وہ مسلسل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کاروائی کررہے ہیں اور اگر خلاف ورزی کرنے والے اسی طرح کرتے رہے تو مزید سخت کاروائی عمل میں لائی جائےگی۔