بانڈی پورہ میں بٹہ مالو کانوجوان جان سے ہاتھ دھوبیٹھا
عازم جان+عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر+بانڈی پورہ//وادی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سڑک کے الگ الگ حادثوں میں دوپولیس افسروں اورخاتون سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ دوزخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ ایک تیز رفتار KIA گاڑی زیرنمبر JK21H-1919 نوگام کے قریب ٹینگن لسجن بائی پاس پر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں جموں وکشمیر پولیس کے3 سب انسپکٹر زخمی ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے2 کو مردہ قرار دے دیا، جب کہ تیسرے کا علاج جاری ہے۔حکام نے بتایاکہ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت پانتھ چھوک میں تعینات آئی آرپی کی23ویں بٹالین کے سب انسپکٹر سچن ورما اور اونتی پورہ میں تعینات آئی آرپی کی21ویں بٹالین شوبم سیٹھ کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام نے مزید بتایاکہ اس حادثے میںزخمی ہونے والے کی شناخت آئی آرپی کی23ویں بٹالین کے سب انسپکٹر مستان سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔اُدھر بانڈی پورہ ضلع کے گرورہ میں ولر وینٹیج پارک کے قریب تیز رفتار ٹرک کے ساتھ سکوٹی ٹکرانے کے بعد ایک سوار ہلاک ہوگیا ہے اور دوسراشدید زخمی ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے سکوٹی پر بٹہ مالو سرینگر کے دو نوجوان کہیں جارہے تھے ۔ جائے حادثہ سے وہاں موجود لوگوں نے فوری طور پر اٹھا کر ضلع ہسپتال بانڈی پورہ دونوں کو پہنچایا لیکن ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا، جس کی شناخت ارشاد منظور ساکن بٹہ مالو سرینگر کے طور ہوئی، دوسرے زخمی نوجوان کا علاج ہسپتال میں ہورہا ہے۔اس دوران اننت ناگ کی ایک50 سالہ خاتون، جو گزشتہ ہفتے بانہال میں سڑک حادثے کے بعد زندگی کی جنگ لڑ رہی تھی، پیر کے روز سکمزصورہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متوفی خاتون کی شناخت نسیمہ بانو کے طور پر کی گئی ہے، جو اننت ناگ ضلع کے لورمنڈہ کے رہنے والے شیخ محمد افضل کی بیوی ہے۔ 8 اگست کو بانہال میں سڑک عبور کرتے ہوئے ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر اس کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی۔ادھر ایک 29 سالہ جے سی بی ڈرائیور، جو اتوار کو بڈگام کے ڈیڈینا علاقے میں ایک حادثے میں شدید زخمی ہوا تھا، پیر کی صبح ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔مہلوک کی شناخت شاہ جہاں ولد جمال الدین شان کے طور پر ہوئی ہے ،جو گوا کا رہنے والا ہے اور بڈگام میں مقیم تھا۔