سید اعجاز+ارشاد احمد
پلوامہ +بڈگام +گاندربل//اونتی پورہ، بڈگام اور احمد نگر میں حادثات کے دوران 3افراد لقمہ اجل جبکہ 8فورسز اہلکار سمیت 11زخمی ہوئے۔اونتی پورہ میں گوری پورہ کراسنگ کے نزدیک ہفتے کے روز سرینگر جموں شاہراہ پر سی آر پی ایف کی 130 بٹالین کی ایک کیسپر گاڑی اور ایک ٹرک زیر نمبرJK02V/6165 کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 8 اہلکار زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کو علاج و معالجے کے لئے پرائمری ہیلتھ سینٹر اونتی پورہ پہنچایا گیا جہاں دو زخمیوں کو ڈاکٹروں نے سرینگر ریفر کیا۔
خانصاحب سے ملحقہ آری زال میں جمعہ کی دیر رات گئے موٹرسائیکل زیر نمبر PBO9M/2154 کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار 25 سالہ محمد اسماعیل لون ولد ارشاد احمد ،26 سالہ محمد یوسف لون ولد منظور احمداور 26 سالہ مشتاقِ احمد لون ولد غلام قادر ساکنان شارن کھاگ بیروہ بڈگام زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز ہردہ پنزو لے جایا گیا جہاں سے ان کو تشویشناک حالت میں صدر ہسپتال سرینگر منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے محمد اسماعیل لون، اور محمد یوسف لون کو مردہ قرار دیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 119/2022 درج کرکے فرار سومو گاڑی JKO4A/0678 کی تلاش شروع کردی، جسے بعد میں آری زال سے برآمد کیا گیا۔
ادھر 90 فٹ شاہراہ پر پاندچھ احمد نگر کے مقام پر موٹرسائیکل زیر نمبر JKO1AM/3542کو مخالف سمت سے آئی 10زیر نمبر JK16B/3394 نے شدید ٹکر ماری۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار 58 سالہ فاروق احمد وانی ولد غلام ربانی اور اس کی اہلیہ55سالہ نسیمہ بانو کئی فٹ ہوا میں اچھل گئے۔اس موقع پر دونوں زخمیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا جہاں فاروق احمد وانی کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا.جبکہ اس کی اہلیہ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے. پولیس نے معاملے کی نسب مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔ادھر سرینگر لیہہ شاہراہ پر سرچ کے مقام پر یاترا گاڑی زیر نمبر PBO1A/2669 نے راہگیر محمد رفیق گوجر ولد محمد سبحان ساکن کھلہ مولہ ناگہ بل کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ۔ پولیس نے گاڑی ضبط کی اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ۔