اشرف چراغ +عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //کپوارہ کے راجوار علاقے کے رہنزب میں پیر کو ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ٹپر الٹنے سے ڈرائیور کی موقع پرہی موت واقع ہو گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی ڈرائیور کو خون میں لت پت حالت میں میڈیکل کالج ہندوارہ منتقل کیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ڈرائیور کی موت کی خبر اس کے آبائی گائوں پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا۔پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ۔ادھر ریلوے اسٹیشن نوگام کے نزدیک اتوار کی شام دیر گئے سڑک کے ایک حادثے میں چار افراد زخمی ہو گئے جن کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ گاڑی سڑک سے پھسل جانے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طور پرہڈیوں اور جوڑوںکاہسپتال لایا گیا اور بعد میں انہیں خصوصی علاج کیلئے صدر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی افراد ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب مبینہ طور پر اس نے کنٹرول کھو دیا اور سڑک سے الٹ گئی۔چاروں افرادفی الحال زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ادھر پیر کی شام نپورہ کراسنگ پر ایک المناک سڑک حادثہ میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موت ہوگئی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل کو نپورہ کراسنگ پرٹرک زیر زنمبر JK03J-1119 نے ٹکر مارا، جس کے نتیجے میں سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔متوفی کی شناخت محمد امین چوپان ولد حبیب اللہ چوپان ساکن چک بدوانی، کریگام قاضی گنڈ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔