بانہال،سوپور //سرینگر جموں شاہراہ اور سوپور میں سڑک کے الگ الگ حادثات میں 5افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ متعدد دیگر زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ جموں۔ سرینگر شاہراہ پر سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ایک کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں ۔ یہ آلٹو کار نمبر JK-02BJ-4514 جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران رام بن کے نزدیک کیلا موڑ کے علاقے میں شاہراہ سے لڑھک کر کم از کم دو سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 4 مسافروں کی موت واقع ہوگئی۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس ، فوج ، ایس ڈی ار ایف اور رام بن کے مقامی رضاکار جائے حادثہ پر پہنچنے ۔ بچاؤ کاروائیوں میں شامل پولیس اور رضاکاروں کی مدد سے لاشوں کو اس کٹھن اور ناقابل رسائی کھائی سے نکلال کر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور مہلوکین کو ورثا ء کے حوالے کیا گیا۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت شمس خان اور اس کا بھائی نظیر احمد خان ولدیت حاجی مرزا خان ساکنہ گول گجرال جموں ، شاہ محمد ولد الف الدین ساکنہ گول گجرال جموں ، اور شکایت علی ولد ولد کاکو ساکنہ اکنور کے طور کی گئی ہے۔دریں اثناء سوپور میں سڑک حادثہ میں زخمی ہوا نوجوان بدھ کی صبح لقمہ اجل بن گیا ۔طارق احمد ملک ولد عبدالاحد ملک ساکنہ نوپورہ جاگیر بارہمولہ کو بدھ کے روز ایک تیز رفتار سکوٹی نے ننگلی سوپور کے مقام پر زور دار ٹکر مار دی جس کے سبب وہ شدید زخمی ہو گیا ۔زخمی نوجوان کو علاج ومعالجے کیلئے سرینگر کے صورہ ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ بدھ کی صبح زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کے کے تحقیقات شروع کر دی ہے اور ملزم کی تلاش بھی جاری ہے۔