سرینگر// شہر سرینگر میں پیر کو بدترین ٹریفک جام لالچوک سمیت سرینگر کے دیگر علاقوں میں پیر کو بدترین ٹریفک جام نے عام مسافروں، طلباء اور ملازمین کی ناک میں دم کر رکھا۔ پیر کو سرینگر کے سیول لائنز علاقے کی سڑکوں پر دن بھر ٹریفک جام کے تکلیف دہ مناظر دیکھنے کو ملے۔ پائین شہر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ لالچوک، بڈشاہ چوک، ریذیڈنسی روڑ،مولانا آزاد روڑ،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، بٹہ مالو ، کر ن نگر ، سونہ وار، ڈلگیٹ اور دیگر علاقوں میں لوگ ٹریفک جام میں گھنٹوں پھنس گئے۔المیہ تو یہ رہا کہ اسپتال ایمبولنس بھی ہی مقامات پر درماندہ ہوئیں جن میں مریضوں کو ہنگامی طور پر مختلف اسپتالوں میں لیجانا تھا۔جہا نگیر چوک سے بٹہ مالو، چھانہ پورہ، راولپورہ،صنعت نگر، ڈلگیٹ، سونہ وار حیدر پورہ، ہمہامہ ، بمنہ تک ٹریفک جام کا سلسلہ رہا جس میں وقت گذرنے کے ساتھ ہی اضافہ ہوا اور سڑکوں پر سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئیں۔ نوگام اور سرینگر جموں شاہراہ پر اتھوجن سے لیکر ڈلگیٹ تک ایسی ہی صورتحال دیکھنے کو ملی۔مختلف راستوں سے آنے والی ہزاروں گاڑیاں رْک گئیں اور اسکے نتیجے میں ڈرائیوروں نے دیگرراستوں سے جاکر صورتحال کو مزید سنگین بنادیا۔ اس صورتحال کی وجہ سے ملازمین بروقت اپنے دفاتر تک نہیں پہنچ سکے، جبکہ مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایمبولینس گاڑیوں کو بھی داخل ہونے کاراستہ نہیں ملا اور یہ صورتحال صبح دس بجے سے شام8بجے تک جارہی رہی۔ ٹریفک جام کے نتیجے میں گاڑیوں میں سوار مسافروں نے پیدل سفر کرنے کو ترجیج دی۔