عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ممبر قانون ساز اسمبلی (ایم ایل اے) راجوری افتخار احمد نے بدھ کو کہا کہ کام کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خاص طور پر سڑک کے شعبے میں کام کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی شدید ضرورت ہے ۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے کی تمام سڑکوں کی درست طریقے سے نگرانی کی جائے اور سڑک کی سطحوں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے بچھائے گئے میٹریل کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔ایم ایل اے راجوری افتخار احمد نے یہ ہدایات راجوری کے قریب ٹھنڈی کسی روڈ پر ورکشاپ پل کا دورہ کرنے کے بعد جاری کیں جہاں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) بلیک ٹاپنگ کا کام کر رہا ہے۔سڑکوں کو معاشرے کی رگوں اور شریانوں کے طور پر دیکھتے ہوئے ممبر قانون ساز نے کہا کہ پائیدار اور اچھے معیار کے ساتھ عوامی املاک بنانا جموں و کشمیر حکومت کی ترجیح ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو بھی ترقیاتی کاموں کو انجام دیتے ہوئے اس کو بنیادی اصول کے طور پر سمجھنا چاہیے۔افتخار نے کہا کہ اچھے معیار کا بی ٹی کام سڑک کی پائیداری کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس عمل کو پورے علاقے میں سڑک کے تمام منصوبوں میں لاگو کیا جانا چاہیے۔