سرینگر// ریاستی سرکار نے کہا ہے کہ ریاست میں سال 2015.16کے دوران 2195.75کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ہے جس میں وادی میں 346.64کلو میٹر اور جموں میں 1658.12کلو میٹر سڑکیں شامل ہیں اور اس طرح کشمیر کے مقابلے میں جموں میں 70فیصد زیادہ سڑکوں پر کام ہوا ہے سرکار نے روان ایجی ٹیشن کو سڑکوں پر تارکول نہ بچھانے کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی مبارک گل کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں حکومت نے کہا ہے کہ پوری ریاست میں 2015.16 کے دوران 2195.75 کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ ، بجبہاڑہ ، ڈورو ، کوکرناگ ، پہلگام ، شانگس اور دیوسر اسمبلی حلقوں میں 2انچ 66.20کلو میٹر سڑکوں پر جبکہ 1انچ 65.42کلو میٹرسڑکوں پر میگڈم بچھایا گیا ۔ گلمرگ ، پٹن ، رفیع آباد، سنگرامہ ، سوپور ،کے اسمبلی حلقوں میں 40.21کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ۔بڈگام ، چاڈورہ اورخانصاحب اسمبلی حلقوں میں 40.00کلو میٹرسڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ۔ضلع کپوارہ میں کرناہ اسمبلی حلقہ ایسا ہے جہاں کی سڑکوں پر تارکول نہیں بچھایا گیا ہے جبکہ کپوارہ میں 5.17، ہندوارہ میں 6.06،لنگیٹ میں 4.50اور لولاب میں 2.50کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ہے ۔شوپیاں اسمبلی حلقے میں 9.30اور وچی میں 6.00کلو میٹر سڑکوں کو میگڈیمائز کیا گیا ۔کولگام اسمبلی حلقے میں 5.00،ہوم شالی بک 10.00کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا اور اسی طرح نور آباد اسمبلی حلقے میں کسی بھی سڑک کو اس سال میگڈا مائز نہیں کیا گیا ۔بانڈی پورہ اسمبلی حلقے میں 8.91،سونہ واری میں 4.20کلومیٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا جبکہ گریز میں صرف 0.50کلو میٹر سڑک پر ہی تارکول بچھایا گیا ۔ضلع سرینگر میں امیر کدل میں 10.80کلو میٹر ،بٹہ مالو میں 5.20کلو میٹر ،سنوار میں 28.35،جڈی بل میں 2.56کلو میٹر اورخانیار میں 0.12کلو میٹر سڑک پر تارکول بچھایا گیا ۔ عید گاہ اور حبہ کدل اسمبلی حلقوں میں اس سال کے دوران کسی بھی سڑک پر تارکول نہیں بچھایا گیا ۔گاندربل اسمبلی حلقہ میں 1.05کلو میٹر اور کنگن میں 4.30کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ۔ اس طرح کشمیر وادی میں صرف 346.64کلو میٹر سڑکوں پر ہی تارکول بچھایا جا چکا ہے ۔ جموں کے 87اسمبلی حلقوں میں سٹیٹ سیکٹر میں 149.22کلو میٹر ڈسٹرکٹ سیکٹر میں 22.94کلو میٹر ، نباڑ سکیم کے تحت 22.05کلو میٹر سٹی اور ٹاون میں 1280.25کلو میٹر ،سیاحتی مقامات کو جانے والی 36.85کلو میٹر ، سی آر ایف کے تحت 23.25کلو میٹر ، آئی ایس سی سکیم کے تحت 1.20کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ہے اور اس طرح جموں میں 1658.12کلو میٹر سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ۔