جموں/صنعت و حرفت کے وزیر چندرپرکاش گنگا کی صدارت میں جے اینڈ کے سٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 136میٹنگ منعقد ہوئی ۔ صنعت و حرفت کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے سیڈ کو سبھاش جنڈیال کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میںموجود تھے۔گنگا جو بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں نے سیڈ کو کی طرف سے عملائے جارہے پروجیکٹوں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ کارپوریشن نے ریاست میں صنعتی ایسٹیٹس کی صورت میں 26839کنال اراضی کا لینڈ بینک تیار کیا ہے جن میں 2347یونٹ قائم کئے جاچکے ہیں جس کی بدولت 65000سے زائد افراد کو براہ راست روزگار حاصل ہوتاہے ۔وزیر نے ریاست میں صنعتی ایسٹیٹ قائم کرنے کے لئے سیڈ کو کلیدی اہمیت کا قرار دیتے ہوئے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے زیادہ سے زیادہ صنعت کاروں کو ریاست کی طرف راغب کریں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹوں میں سے نکلنے والے گندے مواد کو ٹھکانے لگانے کے لئے سائینسی طریقے کار اختیار کیا جانا چاہیئے تاکہ ماحولیات پر منفی اثرات نہ پڑے۔انہوں نے تمام متعلقین کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا تاکہ ماحولیات کو تحفظ حاصل ہوسکے۔میٹنگ کے دوران ریاست کے کئی اہم پروجیکٹوں پر ہور ہی پیش رفت کے علاوہ ملازمین کو درپیش مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا ۔دیگر لوگوں کے علاوہ کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، ایم ڈی سیڈ کو جسونت سنگھ دوا ، ڈائریکٹرانڈسٹریز اینڈ کامرس جموں ، ناظم انڈسٹریز کشمیر کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔