لندن، 06 مئی (یو این آئی) ہندستان کے کرکٹ آئکن سچن تندولکر کو یہاں اس سال کے ایشین ایوارڈز سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ایشین ایوارڈز کا یہ ساتواں ورژن ہے اور اس میں عالمی سطح پر ایشیائی کمیونٹی کے مختلف علاقوں میں شخصیات کو ان کے بے مثال تعاون کے لئے منتخب کیا جاتا ہے ۔ سچن کو فیلو شپ ایوارڈ پیش کیا گیا ۔ اس ایوارڈ کے لیے منتظمین نے کہا کہ یہ ایوارڈ گلوبل آئکن کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران زبردست کامیابی حاصل کی ہو ۔تقریب میں ہندستان کے آنجہانی اداکار اوم پوری کو خراج عقیدت بھی کیا گیا ۔ اوم پوری کا 66 سال کی عمر میں اس سال انتقال ہو گیا تھا۔اوم پوری کو سنیما میں ان کی بے مثال شراکت کے لئے فلم ایوارڈ پیش کیا گیا۔ہندستانی موسیقار عدنان سمیع کو موسیقی کے میدان میں شراکت کے لئے ایوارڈ دیا گیا۔تقریب کے اہم مہمانوں میں لندن کے میئر صادق خان، ماڈل اور اداکارہ ایمی جیکسن اور ٹی وی پریزینٹر سائرہ خان موجود تھیں۔ایشین ایوارڈز کا آغاز تاجر پال ساگو نے 2010 میں کیا تھا۔یو این آئی