جموں//ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سپئیکر کوئیندر گپتا نے جموں شہر کو صاف و سر سبز رکھنے کے اپیل کی ہے۔وہ آج یہاں نروال بالا کے شو شکتی محلہ میں نالیوں اور گلیوں کی کاموں کا افتتاح کر رہے تھے،جس پر اُنہوں نے حلقہ ترقیاتی فنڈز سے 2.60 لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں کو اپنے آس و پاس کو صاف و شفاف رکھنے کے لئے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت اپنی ذمہ واریوں کو نبھانے کی اپیل کی۔ اُنہوں نے لوگوں کو گلیوں ،عوامی جگہوں اور کھُلی جگہوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کرنے اور شجر کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،تاکہ ماحول کو صاف و پاک بنایا جا سکے۔اُنہوں نے سوچھ بھارت ابھیان کو گھر گھر پہنچانے اور نوجوان طبقہ کو لوگوں میں صحت و صفائی کے تئیں بیداری پیدا کرنے میں سرکار کی مدد کرنے کو کہا۔ دریں اثنا مقامی لوگوں نے سپئکر موصوف کو علاقہ میں پینے کے پانی کی کمی،سڑکوں کی خستہ حالی ،راشن کی تقسیم کاری ،صحت عامہ،تعلیم اور بزرگوں کے پنشن کے مسائل سے آگاہ کیا ۔پانی کے مسلہ کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ سرکار کا علاقہ میں پانی کی سپلائی میں اضافہ کرنے کے لئے پنچایت گھر ،نروال میں ایک ٹیوب ویل تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔