عظمیٰ نیوز سروس
جموں // پیپلز کانفرنس لیڈر سجاد غنی لون کی قیادت میں اپوزیشن کے تین قانون سازوں نے منگل کو جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔لون نے الزام لگایا کہ سپیکر اسمبلی میں وقف(ترمیمی) ایکٹ کے خلاف اپنی رائے ظاہر کرنے میں “رکاوٹ” بن گئے ہیں۔پی ڈی پی کے فیاض احمد میر(کپوارہ) اور رفیق احمد نائیک(ترال) خط کے دیگر دو دستخط کنندگان ہیں۔لون نے X پر ایک پوسٹ میں کہا “ہم نے سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے، وہ وقف بل کے خلاف ہماری رائے کا اظہار کرنے میں رکاوٹ بن گئے ہیں،” ۔ادھرسپیکر عبدالرحیم راتھر نے منگل کو کہا کہ انہوں نے قواعد کے مطابق بحث کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اپنے فیصلے کو تبدیل نہیں کریں گے۔ تحریک عدم اعتماد کے بارے میں پوچھے جانے پر، راتھر نے بتایا کہ وہ اسے ایوان کے سامنے لانے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایوان جو فیصلہ کرے گا۔سپیکر نے کہا کہ ایوان اس کا فیصلہ کرے گا، اگر ایوان کو اعتماد نہیں ہے تو مجھے وہاں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے حکمراں نیشنل کانفرنس کے زیرقیادت اتحاد اور اپوزیشن پی ڈی پی اور پیپلز کانفرنس کے احتجاج کرنے والے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد میں ایوان کے کام کو بخوبی چلنے دیں۔ادھر نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ وہ سپیکر کیخلاف تحریک کی حمایت نہیں کرے گی۔