عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نے دونوں صوبوں میں 77 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا۔ جوڈو، جمناسٹک، شطرنج، فٹ بال، کرکٹ، سافٹ بال، فینسنگ، کبڈی، پینک سلات اور تائیکوانڈو وغیرہ کے مقابلوں کا انعقاد سانبہ، ریاسی، جموں، سری نگر، گاندربل، پونچھ، راجوری، اضلاع ، کٹھوعہ، بارہمولہ، بڈگام اور اننت ناگ میں ہوا۔
ضلع اننت ناگ میں آزادی کا کھیل اتسو کے بینر تلے سیر ہمدان پریمیم لیگ کا افتتاح کیاگیا۔ تقریب کا افتتاح سیکرٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل نے کیا۔ رئیس احمد بھٹ، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، اور بین الاقوامی کرکٹر پرویز رسول نے مہمان خصوصی کے طور پر تقریب کی صدارت کی۔لیگ میں جنوبی کشمیر کے مختلف بلاکس سے تیار کی گئی بیس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو سینتالیس میچوں میں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
ادھر ضلع کپواڑہ میں منعقد ہونے والی رامحال کرکٹ لیگ کا فائنل میچ کھیلاگیا۔لیگ کا فائنل میچ فرینڈز الیون لولاب اور سلطان واریئرز بارہمولہ کے درمیان کھیلا گیا۔سلطان واریئرز بارہمولہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 138 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ فرینڈز الیون کے سامنے ہدف بہت کم نکلا اور انہوں نے آسانی سے ٹائٹل جیت لیا۔ لیگ ایک ماہ تک جاری رہی اور ایونٹ میں 24 ٹیموں نے حصہ لیا۔ضلع بارہمولہ میں یوٹی سطح کی ہینڈ بال چمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں یونین کے زیر انتظام علاقوں کی ضلعی ٹیموں نے حصہ لیا۔ دریں اثناء ضلع کشتواڑ کے ہائرسکینڈری سکول پلماڑ میں کھیلوں کے خصوصی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ نیلندرسو اننت ناگ میں بیڈمنٹن کا ایک ایونٹ جاری ہے۔