عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//لڑکیوں کو کھیل کود اور بااختیار بنانے کے لئے شعبہ سماجی بہبود، ڈوڈہ نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، ڈوڈہ کے اشتراک سے اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں ایک انٹر بلاک ڈسٹرکٹ لیول گرلز والی بال ٹورنامنٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ .یہ تقریب بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ پہل کا ایک اہم حصہ تھی جس کا مقصد لڑکیوں کے لئے تعلیم کی اہمیت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا تھا۔اس ٹورنامنٹ میں ضلع کے 17 بلاکس سے باصلاحیت نوجوان خواتین کھلاڑیوں کو اکٹھا کیا گیا، جس نے اپنی صلاحیتوں اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ اس تقریب کا مقصد نہ صرف ان نوجوان خواتین کی کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا بلکہ کھیلوں میں لڑکیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا، صحت مند مقابلے اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈوڈہ طارق پرویز قاضی اور ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر ڈوڈہ سنیل کمار کی موجودگی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے میں اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ڈی سی ڈوڈہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ضلع ڈوڈہ کی لڑکیوں کی کامیابی ریاست اور ملک کا نام بلند کرے گی۔ انہوں نے کھیلوں کے میدان میں ضلع کی لڑکیوں کی شاندار کامیابیوں کو بھی سراہا۔ڈی سی کہا کہ ضلع میں ہر پنچایت کے پاس اپنے کھیل کے میدان ہیں، اور ہر بچہ اپنی کھیلوں کی سرگرمیوں اور صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ان کی تشکیل کے لئے ان مقامات کا استعمال کر سکتا ہے۔