سرینگر//لال چوک سرینگر میں موجود کواپریٹیو سپر بازار نے 6.8کروڑ روپے مالیت کی اشیاءفروخت کر کے رواں مالی سال کے فروری مہینے کے آخر تک 19لاکھ روپے کا منافع حاصل کیا۔ یہ جانکاری کل جنگلات و ماحولیات اور امداد باہمی اور ماہی پروری کے وزیر مملکت میر ظہور احمد کو اس سپر بازار کا دورہ کرنے کے دوران دی گئی ۔وزیرموصوف نے سپر بازار میں موجود مختلف تجارتی کاونٹروں کا معائینہ کیا۔ اس دورا ن انہیں وہاں صارفین کیلئے رعایتی نرخوں پر دستیاب اشیاءاور یونٹ کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔انہیں مزید بتایا گیا کہ سپر بازار میں لوگ خریداری کر کے پانچ فیصد سے 50فیصد کی چھوٹ حاصل کرسکتے ہیں۔وزیر نے سپر بازار کے کام کاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سپر بازار لال چوک سے استفادہ کر کے امداد باہمی محکمہ کی طرف سے دستیاب رکھی سہولیات سے فائدہ اٹھائے۔میر ظہور نے کہا کہ سپر بازار کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صارفین کو اشیاءضروریہ مناسب داموں پر دستیاب کر کے قیمتوں کو اعتدال پر رکھا جاسکے۔انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کا م کر لوگوں کو معیاری اشیاءدستیاب کرائیں۔دورے کے دوران کواپریٹیو کے کمیشن پر کام کرنے والے ورکروں نے وزیر کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے اپنے مطالبات ان کی نوٹس میں لائے۔