عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز وزیر اعظم کو خط لکھنے کے کانگریس کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ “ہم کسی ایسی چیز کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں جس کا ہم سے وعدہ نہیں کیا گیا تھا”۔ ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے مرکز کو جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو “جلد از جلد” بحال کرنے کی ہدایت، بہت پہلے گزر چکی ہے۔راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے مشترکہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے قانون سازی کرے۔ وزیر اعلی نے خط کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا”یہ بہت اچھی بات ہے، ہم اس دن کا انتظار کر رہے تھے جب اپوزیشن پارلیمنٹ اور دہلی میں ہماری آواز اٹھائے گی، میں کھرگے اور راہل کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ریاست کا مسئلہ مرکز کے ساتھ اٹھایا ہے”،۔انہوں نے کہا، “ہم کسی ایسی چیز کا مطالبہ نہیں کر رہے جس کا ہم سے وعدہ نہیں کیا گیا تھا۔ ہم سے پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور عوامی تقریب کے اندر اور باہر بار بار وعدہ کیا گیا تھا کہ مناسب وقت پر جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا”۔عبداللہ نے کہا، آپ کو یاد ہوگا کہ جب سپریم کورٹ نے اپنا حکم(دفعہ 370 پر)پاس کیا، تو اس نے جلد از جلد ریاست کی بحالی کا مطالبہ کیا۔مانسون اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ کا گھیرا ئوکرنے کے کانگریس کے مبینہ منصوبے کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا، “ہماری ان کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوئی، ہم بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے” ۔