نئی دہلی// کانگریس نے چھٹی پر بھیجے جانے والے سی بی آئی کے ڈائرکٹر کی عرضی پر حکومت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ نے جو حکم جاری کیا ہے اسے آج کانگریس نے سی بی آئی کی آزادی چھیننے کی مبینہ خواہاں آمروں کے چہرے پر طمانچہ قرار دیا ہے۔ کل ہند کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا نے ایک سے زیادہ ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے اداروں میں مداخلت اور ان پر مسلط ہونے کی کھلی کوششوں کو روکنے کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سچ کی جیت ہوئی اور مودی حکومت کی سی بی آئی پر مسلط ہونے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ یہ ان آمروں کے منہ پر ایک طمانچہ ہے جو سی بی آئی کی آزادی سلب کرلینا چاہتے تھے۔سرجے والا نے مزید کہا کہ سی وی سی مودی حکومت کے مہرے کے طور پر کام نہیں کر سکتا بلکہ سپریم کورٹ کے ایک جج کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی تاکہ ڈھنگ سے کام ہو۔اس طرح آج مودی جی کو ایک بار پھر بتا دیا گیا کہ رول آف لا کے آگے مودی رول نہیں چلنے والی۔ اداروں میں مداخلت اور اپنے لوگوں کو ان پر مسلط کرنے کی کوششیں روک دی جائیں گی۔ ہندوستان کے عوام 2019 میں بتا دیں گے کہ خراب حکومتیں ایکسپائری ڈیٹ رکھتی ہیں۔ ادھر کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خودمختاری کو تباہ کررہے ہیں اور پارٹی اس کے خلاف آج سی بی آئی کے دفتروں کے باہر مظاہرہ کررہی ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے اس سلسلہ میں ریاستی یونٹوں کو خط لکھ کر گیارہ بجے سے مظاہرہ شروع کرنے کیلئے کہا ہے ۔ کانگریس راہل گاندھی نے بھی کل شام پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ احتجاجی مظاہرہ سی بی آئی میں سرکار کی غیرقانونی مداخلت کے خلاف ہے ۔ خیال رہے کہ کانگریس سی بی آئی کے ڈائرکٹر آلوک ورما کو چھٹی پر بھیجنے اور ان کی جگہ ایم ناگیشور راو کو عبوری ڈائرکٹر بنانے کو غیرآئینی بتارہی ہے ۔یو این آئی
سی بی آئی ہیڈکوارٹر پر مظاہرہ کررہے راہل سمیت کئی رہنما حراست میں
نئی دہلی//مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کے ڈائریکٹر آلوک ورما کو چھٹی پر بھیجے جانے کے خلاف یہاں سی بی آئی ہیڈکوارٹر پر مظاہرہ کررہے کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی لیڈروں کوپولیس نے آج حراست میں لے لیا۔سی بی آئی ہیڈکوارٹر پر دن میں تقریباً گیارہ بجے شروع ہوئے دھرنا اور مظاہر ہ میں کانگریس کے صدر تقریباً دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک شامل رہے اور اس کے بعد مسٹر گاندھی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل ، ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا ، پارٹی کے لیڈر دیپندر ہڈا ، پارٹی کے اعلی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا ، پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور پرمود تیواری سمیت کئی لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا۔اس سے پہلے مسٹر گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے رافیل گھپلے میں جیل جانے سے ڈر سے سی بی آئی پر حملہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک کا چوکیدار سی بی آئی، الیکشن کمیشن، لوک سبھا اور اسمبلیوں سمیت تمام اداروں پر حملہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں حکومت کے اس غیر آئینی اقدام کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ اس مظاہرہ میں سی پی آئی کے ڈی راجہ اور جنتا دل یو کے سابق رہنما شرد یادو بھی موجود تھے ۔یو این آئی