سرینگر//حریت(گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے سپریم کورٹ میں پیش کردہ حلف نامے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت زدہ مہاجرین اور پناہ گزینوں کو انسانی ہمدردی کی بناء پر مدد کرنے کے بجائے انہیں دہشت گردی سے نتھی کرنا انسانیت کے ساتھ ایک ظلم عظیم سے تعبیر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے روہنگیائی پناہ گزینوں کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے لئے انہیں ’’پاکستان کی دہشت گردی‘‘ سے جوڑنے کی بزدلانہ کوشش کی گئی ہے۔ حریت چیئرمین نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو ہر مسئلے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی لت پڑ گئی ہے، ورنہ روہنگیا مسلمانوں اور ’’پاکستان کی دہشت گردی‘‘ کا آپس میں دُور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ حریت راہنما نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ہندوستان ایک طرف اقوام متحدہ کی مستقل ممبرشپ حاصل کرنے کا درخواست گزار بنا ہوا ہے اور دوسری جانب پناہ گزینوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کے ناطے نیک سلوک کرنے کے قواعد وضوابط پر عمل کرنے کے برخلاف سختی سے نمٹنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔