سرینگر//سیکریٹری محکمہ ایجوکیشن فارو ق احمدشاہ نے آج آفیسران کی ایک میٹنگ میں جموںوکشمیر سٹیٹ بورڈ آف سکو ل ایجوکیشن کے کام کاج بالخصوص امتحانات اور ایولیوشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر سیکریٹری وچیرمین جے کے بی اوایس ای وِنے پنڈتا،ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جی این ایتو،ڈائریکٹر اکیڈمکس فارو ق احمد پیر اورجوائنٹ سیکریٹریز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ایک پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے بورڈ کی حصولیابیوں،وابستگیوں،رجسٹریشن ،امتحانات،ایولیوشن ،نتائج،سرٹیفکیٹس،نیٹ ورک ،مرکزی معاونت والی سکیموں کے تعائون اوردیگر امور پر تفصیلی جانکاری دی گئی ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 4225سکول بورڈ کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2017ء میں بورڈ آف سکول ایجوکیشن کو ملک بھر کے 35بورڈس میں سے دوسرے اعلیٰ بورڈ کا درجہ دیا گیا۔اس موقعہ پر سیکریٹری ایجوکیشن نے کہا کہ یہ ادارہ معیاری تعلیم کے ساتھ جُڑا ہوا ہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ ادارہ مستحکم ہواوریہاں افرادی قوت بھی اطمینان بخش ہو۔فاروق احمد شاہ نے مشکل حالات میں امتحانات کا انعقاد کرنے کے لئے بورڈ کی سراہناکی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بورڈ آف سکو ل ایجوکیشن کو ملک بھر میں ایک ماڈل بورڈ بنایا جارہا ہے۔