نوشہرہ //نو شہرہ سب ڈویژن میں مقامی لوگوں نے سٹیشن انچارج نوشہرہ پنکج سنگھ کی تبدیلی پر جموں پونچھ شاہراہ پر احتجاج کیا۔مظاہرین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محنتی اور قابل آفیسر کی تبدیلی کے حکم کو جلدازجلد واپس لیا جائے ۔مظاہرین نے گاڑیوں کی آمد ورفت کو بند کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ میں جیسے ہی کوئی آفیسر اپنا کام شروع کرتا ہے تو اس کو تبدیل کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے سب ڈویژن میں غیر قانونی کاموں کی شرح میں اضافہ ہونا شروع ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آفیسر موصوف نے نوشہرہ میں تعینا تی کے بعد مویشی سمگلنگ ،منشیات و دیگر غیر قانونی کاموں کو روکنے کیلئے اہم مہم شروع کر رکھی تھی جبکہ ان کی کارروائی کے بعد غیر قانونی کاموں میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی لیکن انتظامیہ کی جانب سے آفیسر موصوف کو تبدیل کر دیا گیا ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد آفیسر کی تبدیلی کا حکم واپس لیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہیں لیا تو بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا ۔