حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچ میں مختلف مقامات پر نصب کئے گئے سٹون کریشروں سے نکلنے والے دھوئیں سے ماحول کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے اور انتظامیہ خواب غفلت میں پڑی ہوئی ہے۔ان باتوں کا اظہار پونچھ کے شہری کر رہے ہیں۔شہریوں نے اس حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ خاص طور پر آلودگی پر قابو پانے کے رہنما خطوط اور اوقات کار کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہ آلودگی کنٹرول بورڈ (PCB) کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق، سٹون کریشرز کو دن کے اوقات میں – صبح 8 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سختی سے کام کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاہم، پونچھ کے ملحقہ علاقوں میں چل رہے سٹون کریشرز کے مالکان مبینہ طور پر ان قوانین کی خلاف ورزی کر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سٹون کریشرز دن رات کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے شدید شور اور فضائی آلودگی پیدا ہو رہی ہے اور مقامی لوگوںکی صحت متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایک مقامات پر سٹون کرشر کے مالکان نے خطرناک حد تک ہائی وے کے قریب لوہے کی چادروں کا استعمال کرتے ہوئے باؤنڈری وال کھڑی کر دی ہے، جو پی سی بی اور دیگر ریگولیٹری اتھارٹیز کی طرف سے مقرر کردہ لازمی فاصلاتی رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہے۔ مقامی لوگ کرشر آپریشنز کی آڑ میں سرکاری اراضی پر ممکنہ تجاوزات کا بھی الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اس سیٹ اپ کی پشت پناہی کرنے والی بااثر شخصیات کی ملی بھگت پر سوالیہ نشان لگتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان واضح خلاف ورزیوں کے پر انتظامیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، جس سے شہری یہ سوال کر رہے ہیں کہ آیا اس میں کوئی ملی بھگت ہے؟ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے میں سٹون کریشرز آلودگی پر قابو پانے کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے قانونی طور پر اجازت دی گئی مدت کے اندر کام کریں۔انہوں نے امید ظایر کی ہے کہ حکام ماحولیاتی انحطاط کو روکنے اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے قدم اٹھائیں گے۔