سرینگر// سید آباد سویہ ٹینگ کے لوگوں نے بجلی کی ابتر صورتحال پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بجلی کو علاقہ میں شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ گذشتہ 2ماہ سے علاقہ میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے اور اس صورتحال نے صارفین کی ناک میں دم کر رکھا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ماہانہ بجلی فیس ادا کرنے کے باوجود محکمہ لوگوں کوشیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے میں کوئی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے جس کی وجہ شہری سردیوں کے ان ایام میں بجلی کیلئے ترس رہے ہیں ۔غلام حسن بٹ نامی شہری نے بتایا کہ ہمارے علاقہ میں دن کو ساڑھے12بجے سے سہ پہر ساڑھے 3بجے تک جبکہ شام کو ساڑھے6بجے سے رات ساڑھے9بجے تک (اس طرح علاقہ میں صارفین کو 24گھنٹے میں صرف6گھنٹے) بجلی فراہم کی جاتی ہے اور اس میں بھی بار بار کٹ لگائے جاتے ہیںاور گھنٹوں بعد بجلی آتی ہے اور آتے ہی چلی جاتی ہے ۔فاروق احمد نامی ایک اور شہری نے بتایا کہ لوگوں نے بجلی کی بار بار کٹوتی کے حوالے سے محکمہ میں شکایت بھی درج کرائی تاہم کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مرکز سے محض 5کلومیٹر دور والے اس علاقہ کا یہ حال ہے تو دور دراز علاقوں میں بجلی کا کیا حال ہوگا۔بجلی کی آنکھ مچولی سے تنگ آئے لوگوں نے دھمکی دی کہ اگر علاقہ کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی گئی تو وہ سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے ۔اس حوالے سے اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر جنید احمد میر نے بتایا کہ اور لوڈنگ کی وجہ سے بجلی کٹ ہوجاتی ہے ۔