پونچھ//محلہ سوکھا کٹھا وارڈ نمبر9 کی عوام کی جانب سے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس دوران محلہ کی خواتین اپنے گھروں کے خالی برتن لیکر سڑکوں پر اتر آئیں اور محکمہ کی خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پونچھ منڈی سڑک پر مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑی کر کے اسے ہر طرح کی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ شاہدہ پروین نامی ایک خاتون نے بتایا کہ پچھلے15روز سے وہ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے وہ بارہا محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کر چکی ہیں کہ ان کو پانی فراہم کیا جائے لیکن ان کی کوئی نہیں سنتا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے گھر سے باہر نکلنا بھی پسند نہیں کرتی لیکن چونکہ پریشان ہیں اس لئے انہیں آج سڑک پر اتر کر احتجاج کرنا پڑا ہے۔مظاہرین نے محکمہ کے ملازموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام ایمانداری سے انجام نہیں دے رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان ملازموں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔یہ احتجاجی مظاہرہ ایک گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ موہن لال موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات اعلیٰ افسران تک پہنچا کر ان کو جلد حل کروائیں گے اور ساتھ ہی ملازمین کیخلاف بھی کارروائی ہوگی جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوئے تاہم انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر پانی فراہم نہ ہواتو اپنا احتجاج پھر سے شروع کردیںگے۔