عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی سب ڈویژن میں منجا کوٹ تا تھنہ منڈی روڈ پر منگل کے روز ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک 60 سالہ شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک کمسن بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ تھنہ منڈی کے سوڑا پل علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر JK11G-6280 بے قابو ہو کر گہرے نالے میں جا گری۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد سوار تھے۔ گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں گلزار حسین بھٹیا (60)، ساکنہ پلانگڑھ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ کمسن محب ولد سکندر سمیت دیگر دو افراد زخمی ہو گئے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں انجام دیتے ہوئے زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری منتقل کیا، جبکہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ایم سی راجوری روانہ کر دیا گیا۔ آخری اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ منگل کے روز ان کے آبائی گاؤں پلانگڑھ میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ واقعے کے بعد تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی کے حادثے کا سبب سڑک کی خستہ حالی بھی ہو سکتی ہے۔ اس افسوس ناک موقع پر بہروٹ کے نمبردار عرفان مرزا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس روڈ کی خستہ حالی کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے اور پچھلے دس سالوں سے اس پر بلیک ٹاپنگ نہیں کی جا رہی جس کے نتیجے میں اس طرح کے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ ان کے ساتھ مقامی لوگوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی حالت کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔