عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
خرطوم// سوڈان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اچانک آنے والے سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 132 ہو گئی ہے ۔سوڈانی وزارت صحت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا، ‘‘قدرتی آفت سے مرنے والوں کی تعداد 132 تک پہنچ گئی ہے ۔اس سے قبل سوڈانی حکام نے قدرتی آفت کے باعث 68 ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ متاثرین کی موت مکان گرنے اور ڈوبنے سمیت مختلف وجوہات کی وجہ سے ہوئی۔شدید بارشوں سے سوڈان کے 10 علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے شمالی ریاست اور دریائے نیل ریاست سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔وزارت نے کہا کہ مسلسل ہورہی موسلادھار بارش کی وجہ سے 12400 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔ادھر پاکستان دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کے باعث گودام کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشہ کئی گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، صبح سے ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 4 روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی ہے ۔شدید بارش کے باعث واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے ، واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جب کہ گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ہے ۔چکوال اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے نالہ چپھر میں طغیانی آگئی اور بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، مقامی انتظامیہ کی طرف سے الرٹ جاری کردیا گیا۔سیالکوٹ اور گردو نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز بارش کے باعث بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے ۔