جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ملک کو صاف ستھرا بنانے اور ایک صحت مند قوم وجود میں لانے کیلئے تمام متعلقین میں مجموعی تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اربن لوکل باڈیز اور جے ایم سی کی طرف سے مرکزی شہری ترقی وزارت کے اشتراک سے منعقدہ سوچھ سرویکشن 2018 سے متعلق ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند سماج وجود میں لانے کیلئے صاف و پاک ماحول کا ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری ریاست کو کھلے میں رفع حاجت کرنے سے نجات دلانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ سوچھ سرویکشن کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ شرکاء کو صفائی ستھرائی کے مختلف پہلوؤں اور اس کی افادیت کے بارے میں روشناس کرایا جا سکے ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ دستیاب ٹیکنالوجی اور وسائل کو بھر پور طریقے سے بروئے کار لا کر جموں کشمیر کو ملک کی ایک صاف ترین ریاست میں اپنا بھر پور تعاون دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام لوگوں کو مل جُل کر کام کرنا چاہئیے ۔ کمشنر جے ایم سی ایم راجو ، ڈائریکٹر یو ایل بی سشما چوہان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔