سرینگر// ڈائریکٹوریٹ آف اربن لوکل باڈیز کشمیر نے سرینگرمیں ایس ایم سی کے تعاون سے سوچھ سرویکشن2018 سے متعلق یکروزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔چیف آرکیٹیکٹ ڈاکٹر حمیرہ یعقوب کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔ہر برس ملک بھر کے شہروں اور قصبوں کو صفائی ستھرائی کی بنیاد پر سوچھ سیٹیز کا درجہ دیا جاتا ہے۔یہ مہم2014 میں سوچھ بھارت ابھیان کے تحت شروع کی گئی۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سوچھ سرویکشن2018کی شروعات 31 جولائی2017 کو شروع کی گئی جس کے دائرے میں تمام4041 اربن لوکل باڈیز کو لایا گیا۔علاوہ ازیں اس میں ایک لاکھ آبادی سے زائد والے500 شہروں کو آل انڈیا رینکنگ دی جائے گی جبکہ ایک لاکھ آبادی سے کم3541 شہروں کو ریاستی اور زونل سطح کی رینکنگ دی جائے گی۔فیلڈ افسروں اور متعلقین کو سوچھ سرویکشن کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جانکاری دی گئی اور اُن پر زور دیا گیا کہ وہ اس کے تمام اہداف کو حاصل کریں۔اس ورکشاپ کے دوران سوالات و جوابات کا ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا۔