جموں //سوچھ بھارت ابھیان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قانون ساز اسمبلی کے سپیکر نے کہا ہے کہ موجودہ سرکار ریاست بھر میں بہتر ڈھانچے اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے ۔ سپیکر نے ان باتوں کا اظہار آج گاندھی نگر گورنمنٹ ہسپتال میں چار لاکھ روپے کی قیمت والی صفائی ستھرائی کی جدید مشین کے افتتاح کے سلسلے میں منعقدہ تقریب اور جموں توی ، ریلوے اسٹیشن کے اندر اور گردو نواح میں 63 ڈسٹ بین فراہم کرنے ، جو کہ نیشنل ہائیڈر الیکٹرک پاور کارپوریشن کے تحت سوچھ بھارت ابھیان مہم کے سلسلے میں 11 لاکھ روپے کی لاگت سے دستیاب رکھے گئے ہیں ،کے دوران بولتے ہوئے کیا ۔ سپیکر نے کہا کہ سرکار عوام کیلئے اُن کی دہلیز پر ہی بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے انہوں نے یقین دہانی دی کہ ہسپتال کو جدید اور حساس طبی ساز و سامان سے لیس کیا جائے گا ۔ تا کہ نزدیکی ہسپتالوں میں مریضوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکے اور ضرورتمندوں کو دقتوں کے بغیر علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہوں ۔ کویندر گپتا نے ہسپتال اور اس کے گردو نواح میں بہتر صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے پر زور دیا ۔ بعد میں بیساکھی تہوار کے سلسلے میں سپیکر نے گوردوارہ گنگیال کا دورہ کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تہوار منانے سے ریاست میں امن ، بھائی چارے اور مذہبی یگانگت کی روایات کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔