سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے قومی سطح پر شروع کی گئی سوچھتا ہی سیوا کے تحت دریائے جہلم کے دونوں کناروں پر پانتہ چھوک سے چھتہ بل ویر تک صفائی ستھرائی مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر چیرمین سیکاپ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور ایس ایم سی اور آبپاشی وفلڈ کنٹرو ل محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے۔صفائی ستھرائی کی اس مہم کا اہتمام ایس ایم سی اورآبپاشی وفلڈ کنٹرول محکمہ نے نئی دہلی کی ایک غیر سرکار رضاکار تنظیم ’’کاش‘‘ فائونڈیشن کے اشتراک سے کیا۔اس مہم میں 200طلبأ کے علاوہ ایس ایم سی کے اہلکاروں اورآفیسران ،نیز آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے ملازمین نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں صوبائی کمشنر نے کہا کہ مہم کے انعقاد کا مقصد سوچھ بھارت ابھیان میں ہر خاص وعام کو شامل کرنا ہے تاکہ ماحولیات کو شفافیت کا تصور عام ہوسکے اور لوگ اس مہم میں بڑھ چرھ کر حصہ لیں۔صوبائی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے آکر قومی سطح کی اس مہم میں حصہ لے کر ایک اہم فریضہ ادا کریں اور دریائوں ،ندی نالوں،قصبہ جات اوردیہات کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعائون کریں۔