سوپور//ہردشیوہ ۔سوپور رابطہ سڑک کی خستہ حالی سے عوام اور ٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سوپور کو علاقہ زینہ گیر کے درجنوں دیہات کو ملانے والی سوپور سے ہرد شیوہ 12 کلومیٹر رابطہ سڑک عوام اور ٹرانسپورٹروں کیلئے دردِ سربن گئی ہے۔ سڑک کی خستہ حالی سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوجاتا ہے اور وقت کا زیاں ہورہا ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ مسافر، ملازم اور طلاب اپنی منزلوں کو وقت پر نہیں پہنچ پاتے جبکہ بیماروں کو بھی طبی مراکز پہنچنے میں تاخیر ہوجاتی ہے۔ ہرد شیوہ کے شہری نذیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوپور سے ہردشیوہ تک جانے والی یہ12 کلومیٹر رابطہ سڑک کافی خستہ ہوچکی ہے ، سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اور جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں ۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ معمولی بارشوں سے سڑک جھیل کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں، مسافروں اور طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو سڑک کی مرمت کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا مگر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ہرد شیوہ کے ایک اور شہری طارق احمد ڈار نے کہا کہ اگر چہ اس روڑ کی کشادگی اور مرمت کا کام گزشتہ پانچ سال قبل شروع ہوا تاہم بعد میں نا معلوم وجوہات پر اسے بیچ میں ہی چھوڑ دیا گیا۔مذکورہ شہری نے کہا کہ رابطہ سڑک کی حالت اس قدر خراب ہے کہ اب ٹرانسپورٹر نے اس روٹ پر گاڑیاں چلانا بند کی ہیںکیونکہ ان کی گاڑیاں خراب ہوگئی ہیں۔گاڑیوں کے نہ چلنے سے عام لوگوں اور خاص کر طالب علموں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں نے سرکار اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رابطہ سڑک کی مرمت کا کام دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل سے نجات ملے۔اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ فنڈس کی کمی کی وجہ سے روڑ پر کام میں کمی آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار فنڈس مہیا ہونے کے فوراً بعد ہی رابطے سڑک پر کام تیزی سے شروع ہوگا۔