سوپور //بونہ پورہ، راتھر محلہ، شال پورہ اورڈانگر پورہ کے بیگ محلہ میں رہائش پذیر لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی پر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں ندی نالوںکا پانی استعمال کرنا پڑتا ہے جسکی وجہ سے لوگوں میں مختلف بیماریاں پھیل گئی ہیں۔بشیر احمد راتھر نامی ایک شہری نے بتایا کہ ندی نالوں کا پانی اُبالنے کے باوجود بھی صاف نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ افسران نے ہمیں کئی بار معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر اسکے باوجود بھی کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے سوپور نے بھی یقین دہانی کی تھی کہ صاف پانی فراہم کرنے کیلئے انتظامات کئے جائیں گے مگرکچھ نہیں ہوا۔محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ گاﺅںمیں پانی کی ترسیل کیلئے پائپ لائن بچھائی گئی تھی مگر مقامی لوگوں کی آپسی رنجش کی وجہ سے اس پر کام روک دیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ وہ محکمہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ علاقے کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔