یو این آئی
سری نگر//کانگریس کے سینئر لیڈر اور حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ سوپور کے سیب کو پوری دنیا تک پہنچانا میرا مقصد رہے گا کیونکہ یہاں کی معیشت اس صنعت سے براہ راست جڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کل ملک کی مختلف ریاستوں میں امریکی سیب کھائے جارہے ہیں لیکن میں چاہتا ہوں کہ کشمیر کے سیب کوامریکہ کے لوگ کھائیں ۔ سوپور میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ سوپورکی پہچان سیب ہیں لہذا اسے دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچانا ناگزیر بن گیا ہے ۔ ان کے مطابق سوپور کے سیب کو امریکہ ، جاپان، چین اور دوسرے بین الاقوامی ممالک تک پہنچانے کی ضرورت ہے ۔راہل گاندھی نے کہا :‘سوپور کے لوگ سیب کا کاروبار کرتے ہیں اور یہاں کے لوگوں کا مستقبل اسی میں چھپا ہوا ہے ۔’ان کے مطابق کشمیر کے سیب صرف ہندوستان تک ہی محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ دنیا کی اس نعمت تک رسائی ممکن ہو اس کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔راہل گاندھی نے کہا کہ آج کل ہندوستان کے لوگ امریکہ کے سیب کھاتے ہیں میں چاہتاہوں کہ کشمیر کے سیب کو امریکہ کے لوگ کھائیں تاکہ وہ یہ کہنے پر مجبور ہو جائیں کہ واقعی یہ سب کشمیر سے آئے ہیں۔اس سے قبل جموں میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کشمیری سیب کے بارے میں بات کی۔