سوپور //شمالی کشمیر کے سوپور قصبے کے زینہ گیر علاقے کے تحت آنے والے رامپورہ اور راجپورہ میں لوگ پچھلے 15دنوں سے پانی کی سخت قلت کا سامنا کررہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای علاقے کے لوگوں کو معقول مقدار میں پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ رامپورہ سے تعلق رکھنے والی رفیقہ بیگم نے بتایا کہ وہ پانی کی سخت قلت کی وجہ سے ندیوں اور نالوں کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ .مقامی لوگوں نے ایم ایل اے حاجی عبدالرشید ڈار کو ایک خط میں لکھا ہے’’ہمیں آپ سے او ر کوئی اُمید نہیں مگر برائے مہربانی ہمارے لئے پانی کا انتظام کریںکیونکہ ہماری خواتین کو پانی لانے کیلئے ایک کلومیٹر دور جانا پڑتا ہے‘‘ تاہم محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ پانی کا بہائو کم ہونے کی وجہ سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ پانی کو شیڈول کے مطابق فراہم کیا جاسکے۔