اظہر حسین
کولگام//محکمہ زراعت کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی نے منگل کوکولگام ضلع کے لڈگو نامی گاؤں میں تقریباً 300 کوینٹل غیر معیاری کھاد برآمد کی۔ اس سلسلے میں ایک چھاپہ مار کارروائی کی قیادت ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کولگام میں ذیلی معیاری کھادوں اور اس کی غیر مجاز فروخت اور بلیک مارکیٹنگ کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ چھاپے کے دوران تقریباً 300 کوینٹل غیر معیاری کھاد ضبط کی گئی۔زیر استعمال کھاد کی بھاری مقدار کی برآمدگی کے بعد ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد اقبال نے ناقص کوالٹی کے مواد کو ضبط کرنے کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسے افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی شروع کی جائے گی جو کم معیاری کھاد کے استعمال میں ملوث پائے جائیں گے۔