سوپور//7تحاصیل پرمحیط سب ڈویژن سوپورکوخاص اہمیت دیتے ہوئے حکومت نے یہاں کیلئے ایک علیحدہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی عمل میں لائی ،اورکے اے ایس آفیسرخورشید احمدشاہ کواے ڈی سی سوپور مقرر کیا گیا۔ خیال رہے شمالی ضلع بارہمولہ میں کل 4سب ڈویژن ہیں ،جن میں سوپورکے علاوہ اوڑی ،پٹن اورگلمرگ بھی شامل ہیں جبکہ یہ ضلع کل16تحاصیل، 26بلاکوں ،543دیہات ،40نیابتوں ،2میونسپل کونسلوں اور5میونسپل کمیٹیوں پرمشتمل ہے۔معلوم ہواکہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی ذاتی دلچسپی اورہدایت کے تحت سوپورسب ڈویژن کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔25مئی 2017کوجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک آرڈر زیر نمبر663-GAD of 2017 کے تحت کل 11کے اے ایس افسروں کے تبادلے اورنئی تقرریاں عمل میں لائی گئیں ۔اسی آرڈرکے تحت ڈپٹی ایکسائزکمشنرکشمیرخورشیداحمدشاہ (کے اے ایس آفیسر) کویہاں سے تبدیل کرکے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسوپورمقررکیاگیاہے ۔خیال رہے سب ڈویژن کادرجہ ملنے کے بعدسوپورمیں انتظامی معاملات کی دیکھ ریکھ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کوسونپی گئی تھی لیکن موجودہ سرکارنے ایک اوراہم اقدام کے بطورسب ڈویژن سوپورکیلئے اے ڈی سی کی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔معلوم ہواکہ سوپورسے تعلق رکھنے والے حکمران جماعت سے وابستہ ایک لیڈرنے یہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی عمل میں لانے کامعاملہ وزیراعلیٰ کی نوٹس میں کئی ماہ قبل لایاتھا،اورتب وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اسبات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ سوپورکیلئے علیحدہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی معقول وقت پرعمل میں لائی جائیگی ،اورجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس حوالے سے رواں ماہ کی25تاریخ کوجاری کردہ حکمنامہ یہ ظاہرکرتاہے کہ اس فیصلے کے درپردہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہی کارفرماہے ۔اس سلسلے میں سوپورسے تعلق رکھنے والے سیاسی لیڈروں اورسماجی کارکنوں کاکہناہے کہ یہ ہماری ایک دیرینہ مانگ تھی ،جسکوموجودہ سرکارنے پوراکیاہے ۔انہوں نے حکومتی اقدام کی سراہناکرتے ہوئے کہاکہ اب سوپورسب ڈویژن کے تحت آنے والے علاقوں میں رہنے والے ایک لاکھ20ہزارکے لگ بھگ نفوس کیساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں قائم سرکاری محکموں کوسوپورسب ڈویژن کے حوالے سے انفرادی اوراجتماعی نوعیت کے معاملات نپٹانے میں آسانی پیداہوگی ،اوراُنھیں ہرچھوٹے بڑے کام کیلئے ضلع ہیڈکوارٹربارہمولہ کے ڈی سی بارہمولہ کے آفس کارُخ نہیں کرناپڑے گا۔