سوپور // یونسو سوپورمیںنقاب پوش بندوق برداروں نے ایک دوکاندار کو اغوا کرلیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح نقاب پوش بندوق برداروں نے 30سالہ نوجوان توصیف احمد گنائی ولد افضل احمد گنائی کو بندوق کی نوک پر اغوا کرلیا ۔ توصیف احمد گنائی اپنی دکان واقع یونسو پر موجود تھا جس دوران چند نقاب پوش افراد نے انہیں بندوق کی نوک پر اپنے ساتھ لیا ۔ ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے کہا کہ مغوی نوجوان کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توصیف تجر سوپور کا رہنے والا ہے۔ادھر پولیس نے کہا ہے کہ فورسز نے سوپور میں عامر سلطان ڈار ولد محمد سلطان ساکن نائد کھے سمبل نامی جنگجو کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ ہدی پورہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ مقامی ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا گیا۔اس نے حال ہی میں لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور سوشل میڈیا پر بندوق لئے اُس کی ویڈیو وائرل ہوئی ۔ اس سلسلے میں ڈنگی وچھی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔