سوپور//قصبہ سوپور میں بڑھتی نقب زنی کی واردات کاسلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ رات کے دوران قصبہ کے مختلف بازاروں میں چوروں نے درجنوں دکانات میں نقب لگا کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان اُڑا لیا ۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ سوپور کے چھوٹا بازار، اقبال مارکیٹ، مسلم پیر مارکیٹ، شالہ پورہ مارکیٹ میں درجنوں دکانات کا چوروں نے گزشتہ رات کے دوران صفایا کیا جن میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان وغیرہ اُڑالیا۔متاثرہ تاجروں میں محمد سلطان کنہ، غلام نبی پورٹو، عبدالرشید کنجوال، غلام رسول وازہ، محمد رمضان ڈار، بشیر احمد وازہ، محمد مصعب اور مظفر احمد شامل ہیں ان میں زیادہ تر ہول سیل اور کریانہ دکانات ہیں اس معاملہ پر پولیس نے کیس درج کرلی ہے اور تحقیقات شروع کردی۔ اس واقعے کے خلااف ٹریڈرس فیڈریشن سوپور نے مین چوک میں احتجاج کیا۔ ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے صدر حاجی محمد اشرف گنائی نے بتایا کہ قصبہ میں پچھلے کئی سالو ں سے نقب زنی کے وارداتیںجاری ہیں لیکن حکومت اور سوپور انتظامیہ خاموش تماشائی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر ایسی ہی صورتحال قصبہ میں رہی تو وہ دن دور نہیں کہ یہاں کے ٹریڈ سے وابسطہ افراد تجارتی لحاظ سے کافی پست نظر آئینگے۔ محمد اشرف گنائی نے بتایا کہ سوپور ایڈمنسٹریشن کو ان وارداتوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہیںورنہ ہم دکانات بند رکھ کر سڑکوں پر احتجاج کرینگے۔