سرینگر/شمالی کشمیر کے سوپور میں جمعہ کو فروٹ گروئورس نے مقامی فروٹ منڈی میں دھرنا کا اہتمام کیا جس کا مقصد سرینگر۔جموں قومی شاہراہ پر سیولین گاڑیوں کی نقل و حمل پر پابندیوں کیخلاف احتجاج کرنا تھا۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھارکے تھے جن پر امر ناتھ یاتریوں کے حق میں استقبالی نعرے اور شاہراہ پر پابندیوں کیخلاف احتجاجی نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر پابندیوں سے میوہ تاجروں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ وادی سے باہر جانے والا اکثر میوہ وقت ضائع ہونے کی بنا پر راستے میں ہی سڑ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میوہ سے بھری گاڑیوں کو شاہراہ پر گھنٹوں روکا جاتا ہے اور کبھی کبھی اُنہیں رات بھر رکنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے جس سے اُن میں لدا میوہ مارکیٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی سڑ جاتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہراہ پر عاید پابندیوں کو ختم کرکے اُنہیں مزید نقصان سے بچایا جائے۔