عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے سوپور میں تخریبی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تین افراد کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوپور پولیس نے تین افراد جن کی شناخت عرفان محی الدین ڈار ولد غلام محی الدین ساکن سنگرام پورہ سوپور ، محمد آصف خان ولد عبدالرحمن ساکن ہارون بومئی اور گوہر مقبول راتھر ولد محمد مقبول راتھر ساکن ہردہ شیوا کے بطور ہوئی ہے کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ تینوں افراد اس سے قبل کئی ایف آئی آرز کے تحت یو اے پی اے کے مقدمات میں بھی نامزد رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد بار پیشگی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود یہ خفیہ طور پر ’وی او آئی پی‘ اور وی پی این جیسے انکرپٹڈ پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے سرحد پار دہشت گرد ہینڈلرز سے رابطے میں رہتے تھے۔
مزید یہ کہ گرفتار شدگان مقامی نوجوانوں کو تخریبی سرگرمیوں کی ترغیب دینے میں بھی ملوث پائے گئے۔
پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے مسلسل نگرانی، شواہد کی تیاری اور مکمل ڈوزیئر مرتب کیے جانے کے بعد، مجاز اتھارٹی کی طرف سے ان کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کے احکامات جاری کیے گئے۔ بعد ازاں، تینوں افراد کو باضابطہ طور پر گرفتار کر کے جموں کے کوٹ بلوال جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے اس کارروائی کو عوامی سلامتی کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی فرد کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔
سوپور میں ملک دشمن سرگرمیوں کی پاداش میں تین افراد گرفتار
