غلام محمد
سوپور// معیاری غذائی اشیا کی عدم فراہمی اور عوامی صحت کو محفوظ بنانے کیلئے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے سوپور پولیس کے اشتراک سے جمعرات کو سوپور کے مختلف حصوں میں مارکیٹ چیکنگ مہم جاری رکھی۔معائنے کے دوران حکام نے دکانوں، ہوٹلوں، چھاپڑی فروشوں اور ہول سیل آئوٹ لیٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا تاکہ فوڈ سیفٹی معیارات، حفظان صحت کے اصولوں اور قابلِ استعمال اشیا کی درست لیبلنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔ متعدد دکانداروں اور ریڑی والوں کو معیاری سے کم، غیر صحت بخش یا زائد المیعاد اشیا فروخت کرنے پر موقع پر ہی جرمانہ کیا گیا جبکہ دیگر کو سخت ہدایات دی گئیں کہ وہ صفائی اور معیار کو یقینی بنائیں۔فوڈ سیفٹی محکمہ کے ایک اہلکار نے کہا’’یہ مہم صارفین کو ملاوٹ شدہ اور غیر محفوظ غذائی اشیا سے بچانے کیلئے شروع کی گئی ہے۔ ہم اس بات کے پابند ہیں کہ مارکیٹ میں دستیاب ہر غذائی چیز معیاری ہو۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘‘۔اہلکار نے مزید بتایا کہ آئندہ دنوں میں سوپور سب ڈویژن میں مارکیٹ چیکنگ کو مزید تیز کیا جائے گا، خاص طور پر گوشت، بیکری مصنوعات، دودھ، پھل اور سبزیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی کیونکہ یہ اشیا موجودہ موسم میں ملاوٹ اور ناقص حفظان صحت کے زیادہ خطرے میں ہوتی ہیں۔