غلام محمد
سوپور//محکمہ زراعت نے پیر کو سوپور میں نامیاتی کھاد (پوٹاش) کے 220 تھیلے ضبط کئے جو تھیلوں پر بغیر وضاحت کے پائے گئے ۔ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے قانون نافذ کرنے والی ٹیم کے ساتھ سوپور کے بوہری پورہ علاقے میں چھاپہ مارا اور علاقے میں جعلی کھاد کو ضبط کیا۔ ڈائریکٹر زراعت نے کہا’’ہم نے ایک دکان سے جعلی نامیاتی کھاد کے 220 تھیلے ضبط کیے جو راجستھان سے حاصل کی گئی تھی۔ یہ معائنہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں کیا جا رہا ہے تاکہ غیر معیاری کھادکی فروخت اور مارکیٹنگ کو روکا جا سکے‘‘۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور باغبانی کی صنعت کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی قسم کی غیر معیاری کھاد کو وادی میں برداشت نہیں کرے گا اور نہ ہی اجازت دے گا۔ انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ مناسب کھادیں ہی خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔